بھٹکل 29/جون (ایس او نیوز) بھٹکل کے مختلف علاقوں میں آج جمعرات تحصیلدار کی قیادت میں تمباکو اور تمباکو سے بنی چیزیں فروخت کی جانے والی دکانوں پر چھاپے مارے گئے اور جن دکانوں پر یہ چیزیں پائی گئیں، اُنہیں وارننگ کے ساتھ معمولی جرمانہ عائد کیا گیا، اس تعلق سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر صرف وارننگ اور معمولی جرمانہ عائد کیا گیا ہے، اگر اس پر فوری روک نہیں لگائی گئی تو آئندہ قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔
بھٹکل اولڈ بس اسٹائنڈ، فلاور بازار، عیدگاہ روڈ اور بند ر روڈ پر چھاپوں کے دوران کئی باکڑوں میں تمباکو سے بنی چیزیں برآمد ہونے پر اُن باکڑوں اور چھوٹی دکانوں پر جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ اُنہیں وارننگ دی گئی۔
بنگلور سے محکمہ صحت کے ڈاکٹرچندرشیکھر نے بتایا کہ پوری ریاست میں کوٹپا (Cigarettes and Other Tobacco Products Act 2003) کے تحت تمباکو اور اس سے بننے والی چیزوں پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے، اسی کے تحت اُترکنڑا کے مختلف تعلقہ جات میں مہم چلائی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عوامی جگہوں بالخصوص بس اسٹائنڈ، ریلوے اسٹیشن ، عوامی چہل پہل والی جگہوں،تعلیمی اداروں کے سو میٹر کے حدود کے اندر سگریٹ نوشی کرنے کی سخت ممانعت ہے، اسی طرح سگریٹ کی دکانوں پر No smoking کا بورڈ رکھنا بھی ضروری ہے، ساتھ ساتھ ان جگہوں پر گھُٹکا اور دیگر تمباکو سے بنی اشیاء رکھنے کی ممانعت ہے۔ آگے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور تعلقہ انتظامیہ کے تعائون سے ہم کوٹپا قانون کو سختی کے ساتھ لاگو کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اور عوام الناس بالخصوص بچوں میں بھی اس تعلق سے بیداری پیدا کرنے کی کوشش جاری ہے۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل تحصیلدار بی این باڈکر نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر جن دکانوں اور باکڑوں میں تمباکو اور تمباکو سے بنی اشیاء پائی گئی ہے ، اُن دکانوں کو اب صرف معمولی جرمانہ عائد کرتے ہوئے متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ ایسی اشیاء دکانوں میں نہ رکھیں، اگر ان دکانوں پر اس طرح کی چیزیں دوبارہ پائی گئیں تو پھر قانون کے مطابق سخت کاروائی ہوگی۔
دکانوں پر چھاپوں کے ساتھ ساتھ آفسران نے ایک سرکاری اسکول کا دورہ کرتے ہوئے بچوں کو بھی تمباکو کے نقصانات سے آگاہ کیا اور اس سے بچنے کی تاکید کی، ساتھ ساتھ اپنے گھروں میں والدین اور رشتہ داروں کو بھی تمباکو نوشی کے نقصانات سے آگاہ کرانے اور اُنہیں بھی اس سے بچنے کے لئے آمادہ کرانے کی کوشش کرنے کے لئے کہا گیا۔
چھاپے مار کی آج کی کاروائی میں بنگلور کے ڈاکٹر چند رشیکھر اور بھٹکل تحصیلدار وی این باڈکر سمیت بھٹکل سرکل پولس انسپکٹر سریش نائک، بھٹکل میونسپالٹی آفسر وینوگوپال شاستری، ہیلتھ انسپکٹر ،تحصیلدار دفتر و دیگر سرکاری اہلکار وغیرہ موجود تھے۔